سرینگر// حریت (گ )چیرمین سید علی گیلانی نے شہید ملّت مولانا محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون، سمیت جملہ شہدائے حول کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دُعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم خون سے سینچی ہوئی تحریکِ آزادی کو جاری رکھنے کے لیے ہمہ تن جدوجہد کریں اور کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائیں، جس سے عظیم اور بے مثال قربانیوں پر حرف آنے کا احتمال پیدا ہوتا ہو۔ گیلانی نے کہا ’ میری مولانا فاروق کے ساتھ کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ لون صاحب کے ساتھ میرے طویل مراسم رہے ہیں، میں مولانا فاروق کے خاندان کی ان کاوشوں کا دل سے معترف ہوں اور اُن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو انہوں نے جموں کشمیر میں اشاعت دین کے حوالے سے کی ہیں اور عبدالغنی لون کی فطری صلاحیتوں اور جرأت کی میں ہمیشہ داد دیتا رہا ہوں۔ میری دُعا ہے کہ اﷲ تبارک وتعالیٰ دونوں شخصیتوں کی ارواح کو راحت نصیب کرے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے‘۔