سرینگر//حریت(گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے سوپور میں آتشزدگی کی ہولناک واردات پر اپنے گہرے صدمے اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثات نہ صرف مالی نقصان کا موجب بنتے ہیں، بلکہ ذہنی اور اجتماعی پریشانی کے ساتھ ساتھ پراگندگی کا موجب بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ کنبوں کو فوری راحت پہنچانے کیلئے بغیر کسی تاخیر کے آگے آئیں اور ان کی ہر ممکن طریقے سے مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف بحیثیت انسان، بلکہ بحیثیت دینی رشتہ کے ہم پر لازم آتا ہے کہ ہم جذبہ¿ مروت کو حرکت میں لاکر اور فرض جان کر حق ادا کرنے کی کوشش کریں۔ گیلانی نے ٹریڈرس فیڈریشن کی جانب سے انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی پر سوپور بند کال کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے قصبے کو شراب اور منشیات میں مبتلا آوارہ افراد کے حوالہ کردیا گیا ہے اور تحفظ اور بچاو¿ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ گیلانی نے سوپور کے عوام سے بالخصوص اور وادی کے عوام سے بالعموم ایک بار بھر دردمندانہ اپیل کی کہ وہ خود آگے آکر اصلاحِ احوال کی طرف توجہ دیں، اس کے بغیر سدھار نہیں آسکتا ہے ، کیونکہ جب تک ہم معاشرے کی تباہی کے محرکات اور پھر اس کے سدّباب تلاش نہ کریں گے ہمارے معاشرے کو پستی میں جانے سے دنیا کی کوئی طاقت بچا نہیں سکتی ہے۔