سرینگر+گاندربل+اننت ناگ +ڈورو//حاجن سوناواری ، آرونی بجبہاڑہ اور ماگام بیروہ میں گیسو تراشنے کے مزید4 واقعات رونما ہوئے ہیں۔اس دوران ویری ناگ میں ان واقعات کیخلاف ہڑتال رہی۔ٹینڈ پورہ حاجن سوناواری میں دریا جہلم کے کنارے پر واقع احسان الحق پرے کی 17 سالہ بیٹی (نام مخفی) کے بال برقع پوش دو افراد نے منہ پر سپرے مارکر بے ہوش کرنے کے بعد کاٹ دیئے۔مذکورہ لڑکی ساڑھے چار بجے گھر سے باہر ڈسٹ بن میں موجود گندگی پھینکے نکلی ، ایسے میں چند فٹ کی دوری پر موجود برقع پوش دو افراد ، جنہوں نے نیچے جینز پہنے ہوئے تھے،نے اسے آواز دیکر روک لیا اور پلک جھپکتے ہی منہ پر سپرے ماردیا جس سے لڑکی پر بے ہوشی کی حالت طاری ہوگئی اور اس نے گرتے گرتے بھائی کو آواز دی، لیکن برقعہ پوش افراد فرار ہوئے۔عینی شاہدین نذیر احمد کے مطابق احسان الحق پرے کا مکان پولیس اسٹیشن اور 13 آر آر آرمی کیمپ سے چند سو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہم حیران ہیں کہ ایسے میں جیزز پتلون پہن کر برقعہ اوڑھے دو افراد نے بال کاٹنے کی واردات کیسے انجام دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔اس دوران مولہ بوچھن ماگام بیروہ میں 30سالہ حاملہ خاتون نصرت اختر کے بال بھی دو نامعلوم افراد نے کاٹ دیئے۔جب تک لوگ وہاں پہنچ جاتے نامعلوم افراد فرار ہوچکے تھے۔اس دوران جنوبی کشمیر میں آرونی کے متصل کھارہ پورہ نامی گائوں میں دو خواتین کے گیسو تراشے گئے۔دن کے ایک بجے ارشی جان کی چوٹی گھر میں کاٹی گئی لیکن اس سے قبل اسے بیہوش کیا گیا تھا۔ اسی گائوں میں دن کے چار بجے دوسرا واقعہ پیش آیا جب رومی جان کی چوٹی کاٹی گئی۔ اسے بھی پہلے بیہوش کیا گیا۔اس دوران چھٹی سنگھ پورہ میں اس طرح کی ایک کوشش ناکام بنا دی گئی۔ادھر گنڈ چہل اور مامن نامی علاقوں میں ان واقعات کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔اس دوران خواتین کے گیسو تراشنے کے واقعات میں بتدریج اضافہ کے خلاف ویر ی ناگ میں پیر کو ہڑتال رہی ۔جس دوران تمام کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدروفت میں خلل پڑا ۔ایس ایچ او ڈورو نے علاقہ کے ذی عزت شہریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور اُنہیں یقین دلایا کہ پولیس واقعات میں ملوث افراد کو جلد پکڑنے میں کامیاب ہوگی ۔اُنہوں نے لوگوں سے تعاون دینے کی اپیل کی ہے ادھر گذشتہ روز متاثرہ یتیم لڑکی کی حالت مسلسل غیر مستحکم بنی ہوئی ہے اور اُسے پیر کے روز پھر اسپتال میں میں داخل کیا گیا ۔ادھرشام کے قریب 6بجے نندریشی کالونی بمنہ سرینگر میں ایک خاتون کے بال کاٹنے کی واردات انجام دے کر ملوثین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جس کے بعد یہاں احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق نندریشی کالونی بمنہ میں نامعلوم افراد غلام جیلانی حجام کے گھر میں داخل ہوگئے جہاں اُس کی اہلیہ نضہت بیگم موجود تھی۔ لوگوں نے بتایا کہ اس دوران نامعلوم افراد نے اُس پر دائو ابول کر اُس پر سپرے پھینک دیا جس کے سبب وہ بے ہوش ہو گئی اور پھر اس ک چوٹی کاٹی گئی ۔واقعہ کے بعد لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دیا۔مظاہرین ملوث افراد کو پکڑ کر سزا دینے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ایس ایچ او بٹہ مالو پرویز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ واقعہ کی خبر سنتے ہی پولیس وہاں پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے خاتون سے بات کرنے کی کوشش کی تھی تاہم گھر والوں نے بات کرنے سے منع کر دیا ۔