سرینگر/جمعرات کوگیارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں ناکام ہوئے بیسیوں طالب علموں نے جموں کشمیر سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے آفس واقع بمنہ، سرینگر میں جمع ہوکر'' خراب ''نتائج کیخلاف احتجاج کیا۔
بورڈ آفس حکام نے کہا کہ احتجاجی طالب علموں نے بورڈ کے دفتر میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دئے اور توڑ پھوڑ بھی کی۔
بورڈ سے وابستہ ایک آفیشل نے کہا کہ احتجاج طالب علموں کو چاہئے کہ وہ اپنے جوابی پرچوں کی نقل حاصل کرکے اپنی کارکردگی خوددیکھیں یا مذکورہ پرچوں کی دوبارہ مارکنگ کیلئے درخواست دیں۔
انہوں نے کہا کہ طالب علموں نے بورڈ کے دفتر میں امن و قانون کی صورتحال پیدا کی جس کو لیکر بورڈ حکام پولیس طلب کرنے پر مجبورہوگئے جنہوں نے صورتحال کو قابو میںکرلیا۔
اس واقعہ کے کچھ ویڈیوز، جو وائرل ہوئے ہیں، میں کئی احتجاجی طالب علموں کو بورڈ آفس میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور ذاکر موسیٰ کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ظاہر کئے گئے گیارہویں جماعت کے نتائج میں مجموعی طور 62101میں سے39401طالب علم کامیاب قرار پائے ہیں۔