ڈوڈہ//گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول گھٹ ڈوڈہ میں RMSAاسکیم کے تحت طالبات کے لئے ایک کیئر رکونسلنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ماہرین نے اسکول میں زیرِ تعلیم طالبات کو بتایا کہ کون سے کورسز اور امتحانات کی کیا اہمیت ہے اور کس طرح سے وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکتی ہیں ۔اسکول کی پرنسپل شاہدہ خان کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میںچیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ محمد اشرف زرگر اس موقع پر بطورِ مہمانِ خصوصی موجود تھے جب کہ اسکول کے استاد شیخ عبدالحفیظ فرقان آبادی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔جن ماہرین نے اس موقع پر طالبات سے خطاب کیا اُن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ڈوڈہ منیب عمر،نائب کمانڈنگ آفیسر دس آر آر اے پی سنگھ،ڈاکٹر ضیاء شوکت مغل،بی ڈی او گھٹ ڈاکٹر نجیب لطیف،ڈاکٹر شبنم روزی ،صائم النساء لیکچرر،رضوانہ ھاشمی لیکچرر اورسورج بلراج شرما لیکچرر شامل ہیں۔نائب کمانڈنگ آفیسر دس آر آر نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کا امتحان پاس کرنے ،اس میں داخلہ حاصل کرنے اور اس میں دی جانے والی تعلیم و تربیت اور طریقۂ کار کی تفصیل بیان کی اور فوج میں بطورِ آفیسر شامل ہونے کے لئے دیگر کورسز اور امتحانات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ڈاکٹر ضیاء شوکت، ڈاکٹر نجیب لطیف اور دیگر مقررین نے ایڈمنسٹریٹیو سروس ،مختلف قسم کے ملکی و ریاستی سطح کے مسابقاتی امتحانات اور کورسز کے بارے میں جانکاری فراہم کی نیز طالبات کو کامیابی کے گر بھی سمجھائے۔اُنہوں نے طلباء و طالبات،اساتذہ اور والدین کی ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی۔اپنے خطاب میں سی ای او ڈوڈہ نے رمسا اسکیم کے تحت منعقد کروائے جانے والے ان پروگراموں کے اغراض و مقاصد پر روشنہ ڈالی اور طالبات پر زور دیا کہ وہ ان پروگراموں کا بھر پور فائدہ اُٹھائیں اور ماہرین جو بھی مفید باتیں اُنہیں بتائیں اُن سے رہنمائی حاصل کریں۔اُنہوں نے پرائم منسٹر اسکالر شپ اسکیم کے تحت ملنے والے وظائف کے بارے میں طلباء و طالبات کو تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سے باہر ملک کے نامور اداروں میں مختلف علوم و فنون کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلباء و طالبات31 مئی تک متعلقہ ویب سائٹ پر اپنا اپنا اندراج کروائیں اور دوسرں کو بھی اس بارے میں بتائیں تاکہ وہ بھی اس اسکیم کا فائدہ حاصل کر سکیں ۔اس سے قبل اسکول کی پرنسپل شاہدہ خان نے اسکول کی تاریخ بیان کی اور اس کی حصولیابیوں کا تذکرہ کیا۔اُنہوں نے کچھ مسائل بھی سی ای او کے سامنے اُجاگر کئے اور اُن کے سامنے کچھ مطالبات بھی رکھے جس پر سی ای او نے اُنہیں یقین دلایا کہ اس سلسلہ میں مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر Career Guidence Programme For Girl Studnetsکے نام سے ایک کتابچہ بھی طالبات میں تقسیم کیا گیا جسے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ڈوڈہ نے ترتیب دیا ہے اور جس میں مختلف قسم کے کورسز ، اداروں اور داخلہ سے متعلق تفصیلات درج کی گئی ہیں۔وریندر کمار لیکچرر نے پروگرام کے آخر پر شکریہ کی تحریک پیش کی۔