عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
خرطوم //سوڈان میںتوپ خانے کی گولہ باری اور فضائی حملوں میں کم از کم 56 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔سوڈان کی فوج اور باغی فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان اپریل 2023 سے اقتدار کی لڑائی جاری ہے، جو رواں ماہ شدت اختیار کر گئی ہے، کیوں کہ فوج دارالحکومت خرطوم اور اس کے تمام قریبی شہروں اومدرمان اور خرطوم شمالی پر قبضہ کرنے کے لیے لڑ رہی ہے۔طبی ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز اومدرمان کے ایک مصروف بازار میں آر ایس ایف کی گولہ باری سے 54 افراد ہلاک ہو گئے۔زندہ بچ جانے والے ایک شخص نے اے ایف پی کو بتایا کہ گولے سبزی منڈی کے وسط میں گرے، جس کی وجہ سے متاثرین اور زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔مقامی ایمرجنسی رسپانس روم (ای آر آر) نے بتایا کہ خرطوم میں دریائے نیل کے پار آر ایس ایف کے زیر کنٹرول علاقے پر فضائی حملے میں 2 شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔اگرچہ آر ایس ایف نے حملوں میں ڈرونز کا استعمال کیا، لیکن سرکاری مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے فضائی حملوں پر اجارہ داری برقرار رکھی ہے۔ای آر آر سوڈان بھر میں ہنگامی دیکھ بھال کو مربوط کرنے والی سیکڑوں رضاکار کمیٹیوں میں سے ایک ہے۔ہزاروں افراد کو ہلاک کرنے کے علاوہ، جنگ نے ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ افراد کو بے گھر کردیا، اور صحت کے بیشتر مراکز کو خدمات سے محروم کردیا ہے۔النو ہسپتال کے ایک رضاکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں زخمیوں کو لے جانے کے لیے کفن، خون کے عطیہ دہندگان اور اسٹریچرز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔