زاہد بشیر
گول//جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ اینڈ لینگویجز سب آفس ڈوڈہ کے اشتراک سے گلاب بزمِ ادب گول کی جانب سے ایک شاندار یک روزہ مشاعرہ منعقد کیا گیا، جس میں مقامی اور بیرونی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نامور شعرا نے شرکت کی۔ اس ادبی محفل کا مقصد نہ صرف اردو زبان و ادب کے فروغ کو تقویت دینا تھا بلکہ نئی نسل کو تخلیقی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا بھی اس کا اہم حصہ تھا۔مشاعرہ کا باقاعدہ آغاز مصروف گلاب گڑھی کے کلام سے ہوا ، جس کے بعد معروف ادیب و دانشوروں نے تقریب کی سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔ پروگرام میں شعرا نے اپنے بہترین کلام اور تازہ تخلیقات پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔اس مشاعرے کی صدارت صدر بزم ادب گول محمد شفیع جرال نے کی جبکہ جموں وکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ اینڈ لنگویجز کے ضلع آفیسر ڈوڈہ صلاح الدین اس موقعہ پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے ۔ محفل میں شریک شعرا نے محبت، اخوت، انسانی اقدار، تہذیبی ورثے اور سماجی مسائل پر مبنی غزلیں اور نظمیں پیش کیں جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مشاعرے علاقے میں علمی و ادبی ماحول کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ اینڈ لینگویجز اور گلاب بزمِ ادب گول کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی ادبی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔پروگرام میں محمد شفیع جرال ، فیروز احمد فیروز، مصروف گلا ب گڑھی ،معصوم الحق ، زاہد رحمت اللہ، زاہد شکیل احمد شکیل، حاجی ترسیم طارق، قاضی شریف ، چوہدری منظور احمد ، چوہدری شریف ، شاہینہ بیگم، فانی ایاز ،خالد حسین مقصود ، سجاد احمد ملک ، عبدالرشید بٹ ، فلک تنویر کے علاوہ دوسرے شعراء بھی موجود تھے ۔پروگرام کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے شرکاء اور مہمان شعرا کا شکریہ ادا کیا گیا۔مشاعرہ نہایت کامیاب اور یادگار ثابت ہوا جبکہ اہلِ ادب نے اس کوشش کو علاقے کی ادبی تاریخ میں ایک اہم قدم قرار دیا۔