زاہد بشیر
گول//گول میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے کام سے پہلے ہی لوگ کافی ناراض تھے لیکن اب عوام کے ساتھ ساتھ پنچایتی نمائندے بھی اس محکمہ سے کافی ناراض ہیں۔ پہلے کینٹھہ بدھن روڈ کی حالت سے لوگ ناراض تھے لیکن اب جمن گا گرہ کی عوام بھی برس پڑی۔ ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے جمن گا گرہ روڈ پر میکڈم کاکام چل رہا ہے اور لوگوں نے پہلے ہی میکڈم بچھانے پر اعتراض بتایا تھا لیکن اس کے باوجود ٹھیکیدار من مرضی سے میکڈم بچھانے لگا اور آج اس کی حالت ابتر ہوگء ہے۔ کء جگہوں پر مکمل طورپر میکڈم اکھڑ گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق ٹھیکیدار اور محکمہ کو پہلے ہی بتایا تھا کہ کام بہتر نہیں ہورہاہے لیکن لوگوں کی کسی نے نہیں سنی۔ اگرچہ اس روڈ پر بیس سال سے کام چل رہا ہے اور ہر وقت لوگوں نے سست رفتاری اور ناقص کام پر آواز اٹھائی لیکن ہر وقت عوام کی آواز کو دبایا گیا۔ اس سے قبل گوڈری کے مقام پرپل کی تعمیر پر دس بارہ ایم ایم سریا لگانے پر عوام نے اعتراض کیا لیکن تب سے آج تک ٹھیکیدار نے کام کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ مقامی سرپنچ احد اللہ مغل کاکہناہے کہ یہاں پر میکڈم ناقص بچھاگیاجو دنوں میں اکھڑ گیا اور چیف انجینئرنے یقین دلایا تھاکہ امسال جمن گا گرہ روڈ پر پلوں کا کام مکمل کیا جائے گا لیکن کام ایسے ہورہاہے اس پر دس سال مزید لگیں گے۔ انہوں نے گورنرانتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جمن گا گرہ روڈ پر ناقص تعمیرات کی جانچ کی جائے اور عوام اب عدالت کا دروازہ لھکھٹانے پر مجبور ہیں۔