گول//ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں رمضان المبارک کے اس پاک مہینے میںسبزیوں کے دا م آسمان پرہیں اور انتظامیہ کی طرف سے منافع خوروں کے خلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں عام شہریوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے ۔ اگر چہ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے گزشتہ روز ایک حکمنامہ بھی جاری کیا جس میں گوشت ، مرغ اورپنیر کی قیمتیں جاری کیں مگر اس حکمنامے کو ناجائز منافہ خوروں نے ردی کی ٹوکری میں ڈال کر عوام کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کیا اور ڈی سی کے حکم نامہ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔مقامی صارفین نے بتایا کہ ابھی تک انتظامیہ گول کی طرف سے بازار کے اندر کوئی بھی چیکنگ شروع نہیں کی گئی ،یہاں حسبِ معمول انتظامیہ بازار کا دورہ کرتی ہے، لوگوں کے سامنے منافع خوروں کو ڈرایا دھمکایا جاتا ہے ،مگرعملی طور پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گول کے بازاروں میں چیکنگ سکارڈ تشکیل دی جائے جو منافہ خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔انہوں نے کہا کہ ایسا آج ہی نہیں بلکہ جب بھی رمضان کا مہنا آتا ہے تو یہاں پر منافہ خوری عروج پر ہوتی ہے جس کے سبب یہاں کا غریب روزہ دار سخت مشکلات کا سامنا کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالت ایسی ہے کہ یہاں پھلوں سے لیکر سبزیوں کے دام آسمان پر ہیں ۔