زاہد بشیر
گول؍؍ ایم ایل اے بانہال اور نیشنل کانفرنس کے رہنما حاجی سجاد شاہین نے گول اورسنگلدان علاقے میں جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت تعمیر کیے گئے چار ٹیوب ویلوں اور تین بڑی سڑکوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شمشادہ شان، چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل رام بن اور دیگر پارٹی عہدیداران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔فعال کیے گئے ٹیوب ویلوں میں ڈبلیو ایس ایس اشمار باندن ،گجر گلی ڈبلیو ایس ایس اپر دلواہ، ڈبلیو ایس ایس پرتمولہ اور ڈبلیو ایس ایس جابہ شامل ہیں۔ یہ اسکیمیں مجموعی طور پر 11.25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہیں تاکہ پینے کے پانی کی فراہمی میں اضافہ کیا جا سکے اور بالخصوص دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں محفوظ پینے کے صاف پانی تک پائیدار رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔گول اورسنگلدان کے عوام کو ایک طویل عرصے سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا تھا۔ ان ہیوی ڈیوٹی ٹیوب ویلوں کی تنصیب کے بعد سب ڈویژن گول کی متعدد بستیوں کو بہتر اور قابلِ اعتماد پانی کی فراہمی میسر ہوگی، جس سے مقامی لوگوںکو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔اس دورا ن رکنِ اسمبلی نے تین بڑی سڑکوں سہیل موڑ تا سرنڈا روڈ، لوئر دلواہ تا ایچ ایس ایس دلواہ روڈ، اور کپرن باس تا الوک ٹاپ روڈ سمیت بس اسٹینڈ سنگلدان میں ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا۔
ان سڑکوں کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 28.25 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور توقع ہے کہ ان سے رابطہ سڑکوں میں بہتری، آمدورفت میں سہولت اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔سنگلدان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، خصوصاً دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں پینے کے پانی اور سڑکوں کی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیوب ویلوں کی تکمیل سے پانی کی قلت میں نمایاں کمی آئے گی اور سینکڑوں گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ بہتر سڑکوں کا جال طلبہ، تاجروں، مریضوں اور عام لوگوں کے لیے آمدورفت کو آسان بنائے گا۔ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشادہ شان بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ یہ تقریب ان کی بطور چیئرپرسن مدتِ کار کا آخری دن بھی تھا۔ رکنِ اسمبلی نے ان کی مخلصانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مدتِ کار کے دوران انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں پر مبارکباد دی اور ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور باہمی تال میل میں ان کے کردار کو سراہا۔جل شکتی محکمہ کے افسران، محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے نمائندگان، پی آر آئی اراکین اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔ مقامی باشندوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علاقے کے دیگر زیر التوا ترقیاتی منصوبے بھی جلد از جلد مکمل کیے جائیں گے۔