زاہد بشیر
گول // گول کے بھیمداسہ علاقہ میں 24اور25دسمبر کی درمیانی شب کو اچانک آگ لگنے سے دو رہائشی مکان مکمل طو رپر خاکستر ہو گئے جس سے لاکھوں کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ رات ایک بجے کے قریب محمد شفیع ٹھاجو ولد محمد شعبان کے رہائشی مکان میں اچانک آگ نمو دار ہوئی جس نے اناً فاناً اس کے بیٹے اختر حسین کا رہائشی مکان بھی اپنی لپیٹ میں لیا ۔ ان دو رہائشی مکانات میں تین کنبے محمد شفیع اور اس کے دو بیٹے رہتے تھے ۔ مقامی لوگوں نے اگر چہ آگ پر قابو پانے کیلئے کافی کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے ۔مقامی لوگوں نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ۔لوگوں کے مطابق آگ بہت زیادہ بھڑک اُٹھی جس وجہ سے وہ ساتھ میں دوسرے مکان کو بچانے میں کامیاب نہیں ہوئے اور بہت سارا قیمتی سامان بھی اس آگ کی واردات میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ لوگوں کے مطابق اس واردات میں لاکھوں کا نقصان ہوا ہے ۔ صبح جائے موقعہ پر انتظامیہ بھی پہنچی اور موقعہ کا جائزہ لیا متاثرین کو یقین دلایا کہ اُن کی بھر پور امداد کی جائے گی۔ وہیں سیاسی و سماجی تنظیموں نے بھی اس آگ کی واردات پر نہایت ہی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی بھر پور امداد کی جائے تا کہ وہ ٹھٹھرتی سردی کے ایام گزار سکیں ۔