ٹی ای این
سرینگر// سرکار کی جانب سے گوشت کے کاروبار کو ڈی کنٹرول قرار دینے کے بعد وادی میں پہلی بار بیرونی ریاستوں سے بیوپاریوں نے ازخود مال پہنچانا شروع کیا ہے ۔اس وقت سرینگر میں راجستھان اور پنجاب کے کئی علاقوں سے بیوپاریوں نے ازخود بھیڑوں سے لدی ٹرکیں درآمد کی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ یہاں عید الاضحی کے موقع کی مناسبت سے اپنا مال ازخود فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
کوٹھدار سسٹم کو چیلنج کرنے والے اس نئے طرز کاروبار پر اگرچہ قصاب طبقہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور اسے بازار میں مسابقت بڑھنے اور صارفین تک معیاری اور سستا گوشت پہنچنے کی ایک پہل قرار دے رہیں تاہم بعض کوٹھدار وں نے اسے یہ کاروبار بیرونی بیوپاریوں کے ہاتھوں سونپ دینے کے مترادف قرار دیا ہے ۔ راجستھان کے کئی علاقوں بشمول سیکر اور جے پور کے علاوہ انبالہ ،چندی گڑھ اور پنجاب کے دیگر کئی علاقوں سے متعدد بیوپاریوں نے اس بار ازخود کشمیر کے مارکیٹ تک رسائی کی ہے ۔