محتشم احتشام
پونچھ///ضلع پونچھ میں مذہبی رواداری اور عقیدت کے فروغ کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، گورو رام داس جی پرکاش اتسو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ 8 اکتوبر کو منایا جائے گا۔ یہ پروگرام گوردوارہ مہانت صاحب جی نزد ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ میں منعقد ہوگا، جس کا اہتمام گورو رام داس سیوا سوسائٹی کر رہی ہے۔ اس سوسائٹی کے پردھان دلجیت سنگھ نے کہا ہے کہ تمام انتظامات حتمی مرحلے میں ہیں اور سکھ برادری کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے افراد کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ باہمی بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام عام ہو۔انہوں نے بتایااس موقع پر صبح کے وقت اکھنڈ پاٹھ صاحب اور کیرتن دربار کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں معروف راگی جتھے شرکت کر کے اپنے سریلی کیرتن کے ذریعے حاضرین کو روحانی فیض سے مالا مال کریں گے۔ بعد ازاں گرو کا لنگر بھی لگایا جائے گا تاکہ تمام عقیدتمند اور زائرین مل بیٹھ کر برابری اور بھائی چارے کی فضا میں پرشاد حاصل کر سکیں۔پردھان دلجیت سنگھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت موقع پر بھرپور تعداد میں شریک ہو کر نہ صرف اپنے عقیدے کا اظہار کریں بلکہ پونچھ کی قدیم روایت، یعنی مذہبی ہم آہنگی اور محبت کو بھی فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوان نسل کو اپنے مذہبی و روحانی اقدار سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔واضح رہے کہ گورو رام داس جی سکھوں کے چوتھے گورو ہیں، جنہیں امرتسر شہر اور ہرمنڈر صاحب (گولڈن ٹیمپل) کی بنیاد رکھنے کا شرف حاصل ہے۔ ان کی زندگی کا پیغام خدمت، عاجزی اور انسانیت سے محبت پر مبنی ہے، جو آج بھی لاکھوں دلوں کو روشنی فراہم کرتا ہے۔