سوپور //گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بوٹینگو سوپور کے طلاب نے ادارے میںبیت الخلاء اور بنیادی ڈھانچے کی کمی کی شکایت کی ہے۔2007میں اس سکول کا درجہ بڑھایا گیا تھا لیکن بنیادی ڈھانچہ جوں کا توں رہا۔سکول میں 650طلاب زیر تعلیم ہیں اور سکول دو عمارتوں پر مشتمل ہے جن میں پرانی عمارت خستہ ہے جس کو پہلے ہی محکمہ آر اینڈ بی نے غیر محفوظ قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں اوقاف کمیٹی بوٹینگو حاجی نثار احمد نے کہا کہ سکول کی پرانی عمارت خستہ ہے جس کی وجہ سے حادثے کا خدشہ لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران نے اس حوالے سے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ بستی کے دیگر لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی سرکار اس تعلیمی ادارے کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے طلاب کو مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سکول کی خستہ حالت کے بارے میں کسی افسر نے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی ۔ سکول کے پرنسپل معراج الدین نے بتایا ’’ ہم سکول کی خستہ حالت کے بارے میں اعلیٰ افسرا ن کو پہلے ہی مطلع کرچکے ہیں۔چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ عبدالاحد نے بتایا کہ اس سلسلے میں ریاستی سرکار کو ایک منصوبہ روانہ کردیا گیاہے اور امید ہے کہ بہت جلد نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔