جموں /گورنر این این ووہرا جو شری ماتا ویشنوی دیوی شرائین بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ،نے کونیہ پنتھال میں شرائین بورڈ کی طرف سے قائم کی گئی ایک جدید طرز کی نرسری کا افتتاح کیا۔یہ نرسری 4.27کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کی گئی ہے اور اس میں مختلف اقسام کے پودے موجود ہیں جو مقامی آب و ہوا کے عین مطابق ترکوٹا پہاڑیوں پر بہتر نشو و نمو پاسکتے ہیں۔گورنر نے اس نرسری کی مختلف شاخوں کا معائینہ کیا۔ اس دوران انہوں نے شرائین بورڈ کے سی ای او اجیت کمار ساہو کو ہدایت دی کہ وہ نرسری کے دوسرے مرحلے سے متعلق ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں تاکہ شرائین بورڈ کی معیاری پیڑ پودوں کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔انہوںنے ہائبرڈ پھولوں اور آرائشی پودوں کی کاشت کرنے پر بھی زور دیا۔ گورنر نے ڈپٹی کمشنر ریاسی رویندر کمار کو ہدایت دی کہ وہ پنتھال دیوی پنڈیان روڑ پر تار کول بچھانے کے کام میں تیزی لائیں۔اس موقعہ پر شرائین بورڈ کے ممبر کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ 30کنال اراضی پر محیط اس نرسری میں لاکھوں کی تعداد میں مختلف اقسام کے پودے تیار کئے گئے ہیں۔ اس موقعہ پر سی ای او نے جانکاری دی کہ ترکوٹا پہاڑیوں پر شجر کاری کے لئے 12.83لاکھ پودے دستیاب کرائے گئے ہیں۔یہ نرسری مختلف ریاستوں کے فارسٹ ٹریننگ اداروں اور اندرا گاندھی نیشنل فارسٹ اکیڈیمی دھیرا دون میں کافی مشہور ہے کیونکہ ان اداروں سے ٹرینیز تربیت حاصل کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً نرسری کا دورہ کرتے ہیں۔ اس موقعہ پر ڈپٹی سی ای او پنکج گپتا ، ایس ڈ ی ایم کٹرہ نیلم کھجوریہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔