۔2روزہ تلاش کے بعد راجوری پولیس نے چاروں کمسن لڑکوں کو اہل خانہ کے سپرد کر دیا
سمت بھارگو
راجوری//راجوری میں دو روز قبل پرسرار طور پر لاپتہ ہونے والے چار اسکولی طلباء کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرلیا ہے۔ ان کمسن لڑکوں کی گمشدگی سے علاقہ سراپا تشویش تھا جبکہ اہل خانہ بھی شدید پریشان تھے۔پولیس کے مطابق یہ چاروں لڑکے، جن کی عمریں 13سے 15 سال کے درمیان ہیں، ہفتہ کی دوپہر اچانک لاپتہ ہوگئے تھے۔ ابتدائی کوششوں کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا جس کے بعد پولیس اسٹیشن راجوری میں باقاعدہ گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی۔حکام نے بتایا کہ گمشدہ بچوں میں تین کا تعلق سرانو گاؤں سے ہے جبکہ ایک لڑکا رٹال کا رہائشی ہے۔ گاؤں والوں اور رشتہ داروں نے بھی جگہ جگہ تلاش کی مگر کامیابی نہیں مل سکی۔اتوار کی شام پولیس ٹیم نے مشترکہ تلاشی مہم کے دوران ان چاروں نوجوانوں کو مغل روڈ پر پیر کی گلی کے قریب پوشانہ کے مقام پر روکا۔ پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے کر ابتدائی پوچھ گچھ کی جس کے بعد بچوں کو گھروں میں پہنچایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکوں سے مناسب کونسلنگ کے بعد انہیں والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے اور صورتحال پوری طرح معمول پر ہے۔ اہل خانہ نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بروقت کارروائی کو قابل تحسین قرار دیا۔پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک نقل و حرکت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ تھانے سے رابطہ کریں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔