عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک اہم اقدام میں نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف نے گلمرگ، پہلگام اور جموں میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور دوبارہ ترقی کے مقصد سے تین اہم تجاویز کیلئے اپنی منظوری دے دی ہے۔مقامی خبر رساں ادارے ٹی ای این کے مطابق گلمرگ، جموں اور پہلگام میں جنگلی حیات کی محفوظ پناہ گاہوں کی زمین کے استعمال کی ان تجاویز کو این بی ڈبلیو ایل کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے 17 نومبر 2023 کومرکزی وزیر برائے جنگلات، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ کے دوران منظوری دی تھی۔ میٹنگ کے منٹس کے مطابق نیشنل بورڑفار وائلڈ لائف نے ہوٹل اشوک کی اپ گریڈیشن اور ری ڈیولپمنٹ کے لیے گلمرگ وائلڈ لائف سینکچری سے 3.2 ہیکٹر اراضی کے استعمال کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے، جس کا تعمیراتی کام انڈین ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ITDC) نے درمیان میں چھوڑ دیا تھا۔ ہوٹل اشوک پر تعمیراتی کام 1980 کی دہائی میں شروع ہوا تھا اور خطے میںملی ٹنسی پھوٹ پڑنے کے بعد اسے ITDC نے درمیان میں چھوڑ دیا تھا۔فی الحال ایک خستہ حال اور آدھا ختم شدہ ڈھانچہ اس جگہ پر پڑا ہے۔ اپنے جواز میں جے کے ٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ وہ زمین پر 75-85 کمروں کے لگڑری ریزورٹ کو چلانے کیلئے 60 سال کی رعایت (پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے ذریعے) دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔این بی ڈبلیو ایل نے جموں میں ہوٹل اشوکا کی اپ گریڈیشن اور ری ڈیولپمنٹ کیلئے رام نگر وائلڈ لائف سینکچری سے 3.1 ہیکٹر اراضی کے استعمال کی تجویز کی بھی سفارش کی ہے۔جے کے ٹی ڈی سی کے مطابق جموں میں ہوٹل اشوک 1970 کی دہائی کے اوائل میں اس وقت کے مروجہ معیارات کے مطابق بنایا گیا تھا۔اپنے جواز میںٹی ڈی سی نے کہا ہے کہ وہ زمین کے ایک ہی پارسل پر اعلی درجے کی پوزیشننگ کے ساتھ 60-70 کمروں کے ساتھ ایکو لگڑری ریزورٹس کو چلانے کیلئے 60 سال کی رعایت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔بورڈ نے آڑو پہلگام میں ہوٹل الپائن کی اپ گریڈیشن اور دوبارہ ترقی کیلئے اوورارو وائلڈ لائف سینکچری کی 1.1979 ہیکٹر اراضی کے استعمال کی تجویز پر بھی اپنی رضامندی دی ہے۔جے کے ٹی ڈی سی کے مطابق آڑو پہلگام میں پراپرٹی 1980 کی دہائی کے اوائل میں بنائی گئی تھی اور اب خستہ حالت میں ہے۔