سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کے ملازمین اور پنشنروں کے لئے گروپ میڈکلیم ہیلتھ انشورنس پالیسی کے سلسلے میں عمل آوری اور میسرز ریلائنس جنرل انشورنس کمپنی کے ساتھ کنٹریکٹ کو منسوخ کرنے کی منظوری دی ہے۔ایک سرکاری ترجمان کے مطابق جب سے حکومت کی طرف سے اس انشورنس سکیم کی عمل آوری کو منظوری دی گئی ہے تب سے کئی حلقوں کی طرف سے اس عمل کی حقیقت سے متعلق شک و شبہات کا اظہار کیا گیاجن میں سماج اورمیڈیا سے تعلق رکھنے والے کئی افراد شامل ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ اس طرح سے سکیم کو حتمی شکل دینے میں عمل آوری پر کاری ضرب لگ گیا اور ابھی بھی متعلقہ انشورنس کمپنی کے چنائو کے بارے میں میڈیا کے ذریعے الزامات کا عمل جاری ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ چوں کہ گورنر اِنتظامیہ اچھی ، شفاف اور ملازم دوست انتظامیہ فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے اس لئے اس سکیم کی عمل آوری کو مزید آگے بڑھانا مشکل ہوگیااور اس کنٹریکٹ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ اس معاملے کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے انٹی کورپشن بیورو کی خدمات حاصل کی گئیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت نے ڈائریکٹر انٹی کورپشن بیورو کو اس معاملے میں ذاتی طور تحقیقات کرنے کی ہدایت دی تاکہ انٹی کورپشن بیورو کی طرف سے حاصل شدہ رِپورٹ پر ضروری کارروائی عمل میں لائی جائی جاسکے ۔