سرینگر//حکومت نے وضاحت کی ہے کہ جن افسروں/ اہلکاروں کو ریاست سے باہر تعینات کیا گیا ہے، وہ گرؤپ میڈی کلیم ہیلتھ انشورنس کے پریمیم کی رقم براہِ راست چالان کے ذریعے ہیڈ آف اکاؤنٹ(8235 ) میں جمع کریں گے اور انرولمنٹ فارم چالان کی ایک کاپی کے ساتھ جموں/ سرینگر میں قائم ٹرینٹی ری انشورنس بروکر لمٹیڈ کے دفاتر میں جمع کریں گے تا کہ اُن کا اندراج کیا جاسکے۔اس سلسلے میں محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک سرکیولر کے مطابق اگر کوئی ملازم30 ستمبر2018 کے بعد(پالیسی کی معیاد کے دوران) ملازمت سے سبکدوش ہوتا ہے تو وہ متعلقہ ڈی ڈی اواُس ملازم کی تنخواہ سے قواعد و ضوابط کے تحت پہلی سہ ماہی کا پریمیم وصول کریں گے۔ باقی سہ ماہیوں کی پریمیم کی بقایا رقم متعلقہ ڈی ڈی او سبکدوشی کے وقت یکمشت وصول کریں گے۔سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی ملازم کی تنخواہ انتظامی وجوہات یا رقومات کی کمی کی وجہ سے، ماہ ستمبر یا اُن مہینوں کے دوران جن میں دیگر سہ ماہیوں کا پریمیم ادا کرنا ہو، کے دوران ادا نہ کی گئی تو متعلقہ ملازم کو پریمیم کی مطلوبہ رقم متعلقہ ٹریجریوں میں چالان کے عوض ہیڈ آف اکاؤنٹ میں جمع کرنی ہوگی اور اس کی جانکاری متعلقہ ڈی ڈی او کو دینی ہوگی۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی افسر/ اہلکار کو پالیسی کی معیاد کے دوران معطل کیا گیا ہو اور وہ ہیلتھ انشورنس پالیسی لینا چاہتا ہو تو اُس صورت میں پریمیم کی پوری رقم یعنی8777 روپے اپنے ڈی ڈی او کی وساطت سے ہیڈ آف اکاؤنٹ میں یکمشت جمع کرسکتا ہے ۔