حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے شہر ایک خاص میں وارڈ نمبر 15، محلہ پرانی پونچھ میں واقع گرو نانک چلڈرن پارک بدحالی کا شکار ہو گیا ہے، جس پر مقامی شہریوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کے مطابق یہ پارک علاقے میں واحد تفریحی مقام ہے جہاں بچے کھیل سکتے ہیں اور لوگ سیر و تفریح کے لئے آ سکتے ہیں، لیکن اس کی خستہ حالت نے لوگوں کو مایوس کر دیا ہے۔شہریوں کے مطابق پارک میں جگہ جگہ گھاس اُگ آئی ہے، جھولے زنگ آلود اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ نشستوں اور روشنی کے انتظامات بھی ناکافی ہیں۔ مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ پارک کو نظرانداز کر کے صرف آمدنی کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے، لیکن اس کی دیکھ بھال پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ پارک کی حالت بہتر بنانے کے بجائے اسے لاوارث چھوڑ بیٹھی ہے، جس کے باعث یہ مقام کھیل کے میدان کے بجائے گھوڑوں کی چراگاہ میں تبدیل ہو رہا ہے۔انہوں نے نو تعینات ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس پارک کی مرمت اور تزئین و آرائش کے اقدامات کئے جائیں، تاکہ شہری خصوصاً بچے محفوظ اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں۔شہریوں نے امید ظاہر کی کہ اگر اس پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے اور اس کی صفائی و دیکھ بھال کا مستقل انتظام ہو تو یہ نہ صرف مقامی لوگوں کے لیے بہترین تفریحی مقام بن سکتا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گا۔