ارشاد احمد
گاندربل// وادی میں گزشتہ2ماہ کے دوران گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث علاقہ پھاگ میں واقع درجنوں علاقوں میں سینکڑوں کنال دھان کے فصل کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔گاندربل اور ضلع سرینگر کے وسط میں واقع علاقہ پھاک کے دھنہ ہامہ، ملہ پھاک،کھمبر،چھترہامہ،شوپر باغ ،سمیت دیگر نواحی علاقوں میں آبپاشی نہروں میں گزشتہ2ماہ سے خشک سالی کے نتیجے میں پانی کی سطح کم ہونے کی وجہ سے سینکڑوں کنال آراضی میں موجود دھان کی فصل کو زبردست نقصان پہنچا ہے.چھترہامہ کے عبدالاحد ڈار نامی مقامی شہری نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے پھاک کو ملہ شاہی باغ آبپاشی نہر سے پانی کی فراہمی ہوتی تھی لیکن جولائی اور اگست کے مہینے میں مسلسل خشک سالی کے نتیجے میں دھان کی پنیری کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس بارے میں محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن ان کی جانب سے کوئی اقدامات نہ کرنے کی نتیجے میں کاشتکاروں اور کسانوں کو شدید نقصان ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔محکمہ آبپاشی کے افسراں نے کہا کہ ملہ شاہی باغ آبپاشی کنال میں پانی کی سطح میں اضافہ کردیا گیا ہے جن علاقوں میں زرعی اراضی کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ علاقوں میں آبپاشی کیلئے پانی آچکا ہے اور اب جن علاقوں میں پانی کی کمی واقع ہے ان میں بھی اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو پوری ہوجائے گی ۔