گاندربل// گورنمنٹ گرلز ہائی سکول واکورہ گاندربل سرکار اور محکمہ تعلیم کی عدم توجہی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔اس تعلیمی ادارے میں طالب علموں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔سکول ہذا میں 2017 کے دوران دسویں جماعت کے امتحانی نتائج زیرو فیصد رہے۔فی الوقت سکول میں صرف 35 طالبات ہی زیر تعلیم ہیںجن میں دسویں جماعت کے لئے ریاضی اور سوشل سائنس مضامین پڑھانے کیلئے کوئی استاد موجود نہیں ہے۔اس سلسلے میں16 اپریل کوطالبات نے منی سیکریٹریٹ گاندربل میں اساتذہ کی کمی کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا لیکن 13 دن گزرنے کے باوجود کسی استادکی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی۔سکول میں زیر تعلیم طالبات کے والدین نے معاملے کی نسبت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لانے کا مطالبہ کیاہے ۔