محمد تسکین
بانہال// سکولوں میں زیر تعلیم سکولی بچوں کو جنگلی حیات اور ماحولیات سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی جانکاری اور علم میں اضافہ کرنے کیلئے گرلز ہائیر سیکنڈری بانہال کی انتظامیہ نے ادارے کی سینکڑوں طالبات کو پیر پنچال ٹاپ ، جواہر ٹنل اور چکور ریزر و چکور نالہ اور شیطان نالہ کا تفریحی و تعلیمی دورہ کروایا۔ محکمہ جنگلی حیات کی طرف سے رینج آفیسر سجاد ظہیر اور انچارج کنٹرول روم نجم الدین نائیک نے بچوں کو جانکاری دی اور پورے علاقے میں ان کی رہبری کی۔ سکول سٹاف اور وائلڈ لائف کے ملازمین اور افسروں نے دورے پر آئی طالبات کو جواہر ٹنل ، چکور نالہ اور پیر پنچال ٹاپ کی خوبصورتی اور چکور نامی خوبصورت پہاڑی پرندے سے بھی روبرو کرایا۔ اس کے علاوہ طالبات کو دفاعی نوعیت کی حامل پیر پنچال ٹاپ کے راستے لور منڈہ اور جواہر ٹنل کے درمیان1955 سے پہلے کی تعمیر شدہ چوالیس کلومیٹر طویل بانہال اولڈ الائنمنٹ کی اہمیت کے حوالے سے بھی طالبات کے علم میں اضافہ کیا گیا۔ بچوں نے پیر پنچال ٹاپ پر واقع کسی بزرگ پیر بابا کے مزار اور وہاں تعینات سیکورٹی فورسز کے کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ طالبات نہ صرف اس دورے سے تفریح و علم سے لطف اندوز ہوئے بلکہ انہوں نے پیر پنچال کے مناظر کی تصاویر کو بھی اپنے کیمروں میں قید کیا۔ منگل شام دیر یہ دورہ اپنے اختتام کو پہنچا۔