راجا ارشاد احمد
گاندربل //گرمی میں شدت آتے ہی گاندربل کے بیشتر علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت واقع ہونے سے صارفین کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہیں۔ گاندربل کے نواحی علاقہ بارسو سے ملحقہ بون محلہ اور گنائی محلہ کی خواتین نے ہاتھوں میں خالی مٹکے اور بالٹی لیکر گاندربل صفاپورہ شاہراہ پر گزشتہ ایک ماہ سے پینے کے پانی کی مبینہ عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔خواتین نے گاندربل-صفا پورہ شاہراہ پر روکاٹیں کھڑی کرتے ہوئے ٹریفک میں خلل ڈالا۔ مظاہرے میں شامل خواتین کے مطابق بون محلہ اور گنائی محلہ میں پچھلے دو تین ہفتوں سے پانی کی شدید قلت واقع ہونے سے مقامی آبادی کو پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دور دور سے پانی لاکر استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں گھروں میں موجود نلکوں سے پانی کا قطرہ نہیں ٹپکتا۔ ہم محکمہ جل شکتی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔اس بارے میں ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی گاندربل نے بتایا کہ پانی کی پائپ لائنوں میں کچھ تیکنیکی مسائل آنے سے پانی کی فراہمی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانی کے ٹینکر علاقہ میں روانہ کرکے آبادی کو پانی فراہم کیا ہے اور محکمہ کے عملہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پائپ لائن کا معائنہ کریں اور آئندہ چند دنوں میں پانی کی باقاعدہ فراہمی کو بحال کریں گے ۔