گاندربل//ضلع گاندربل کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے وسیع تر آبادی محکمہ بجلی اور ریاستی حکومت سے زبردست نالاںہے۔ گاندربل کے درجنوں علاقوں جن میں سالورہ،وانی پورہ،بملورہ،فتح پورہ، دودھرہامہ، گنگر ہامہ، منیگام،یارمقام، وطشن، بنہ ہامہ،ہاری پورہ،آرہامہ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی کی ابتر صورتحال سے دوچار مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ان علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں کی آبادی نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا کہ شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی نہیں کی جارہی ہے خصوصاً ان دنوں میں جب بارویں اور دسویں جماعت کے امتحانات چل رہے ہیں ،جان بوجھ کر ان ہی اوقات میں بجلی غائب رکھی جاتی ہے۔سالورہ کے مقامی شہری شیخ محمد شفیع نے کشمیر عظمی کو اس بارے میں بتایا کہ "نہ تو پرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جاتی ہے اور نہ ہی حال ہی میں اجرا کئے گئے شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے طالب علموں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جارہا ہے اگر صورتحال ایسی ہی برقرار رہی تو ہم زور دار احتجاج کرنے پر مجبور ہیں "