گاندربل//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے گاندربل میں ضلع کی ترقیاتی بورڈ جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع ہسپتال میں پلاسٹک سرجری اور نیفرولوجی جیسے شعبوں کے قیام کا اعلان کیا۔ میٹنگ میں ارکان قانون سازیہ شیخ اشفاق جبار، میاں محمد الطاف ، محمد اکبر لون، یاسر ریشی ، ڈپٹی کمشنر گاندربل ، چیف انجینئر آر اینڈ بی ، پی ڈی ڈی ، آئی اینڈ ایف سی اور پی ایم جی ایس وائی ، ناظم سیاحت کشمیر ، ناظم صحت و دیگر افسران موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ 200 بستروں والا ضلع ہسپتال گاندربل 20 ؍ نومبر کو محکمہ صحت کی تحویل میں دیا جائے گا۔وزیر کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں پلاسٹک سرجری اور نیفرولوجی جیسے شعبوں کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہٹ بورا میں زیرتعمیر پالی ٹکنیک کالج نومبر کے آخر تک مکمل کیا جا ئے گا۔ اس کے علاوہ نواب باغ گاندربل میں 32.50کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یونانی کالج تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پاندچھ ۔ بیہامہ سڑک کی اَپ گریڈیشن کا پہلا مرحلہ فوری طور شروع کریںجس کی بدولت ضلع میں ٹریفک کا دبائو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔وزیر نے نونر میں ڈائٹ کی عمارت ، فتح پور میں ڈاک بنگلہ ، کنگن ڈگری کالج ،سمبل بالا سڑک ، واٹر سپلائی سکیم گاندربل و دیگر پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ان پروجیکٹوں کو معیاد بند طریقے پر مکمل کریں۔ناظم سیاحت کشمیر نے وزیر کو بتایا کہ ضلع میں سٹین انٹرپرٹیشن سینٹر پر تعمیری کام جاری ہے جو مکمل ہونے پر سیاحوں کی کشش کا مرکز بنے گا۔