گاندربل// ڈیزاسٹرمنیجمنٹ ،ریلیف وباز آبادکاری اورتعمیر نوکے وزیر جاوید مصطفی میر کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ منعقدہوئی جس میںسال 2018-19 کے تحت99.29کروڑ روپے کے کیپکس بجٹ کی منظوری دی گئی۔میٹنگ میں ایم ایل سی یاسر ریشی،ممبرانِ قانون ساز اسمبلی میان الطاف،محمداکبر لون اور اشفاق جبار کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل پیوش سنگلا اورمختلف محکموںکے افسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر گذشتہ مالی سال کے دوران طبی اور مالی حصولیابیوں کا جائزہ لینے کے دوران وزیر موصوف نے افسران اورعمل آوری ایجنسیوں کو ہدف کے حصول کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی۔میٹنگ کے دوران ممبران اسمبلی نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف معاملات بشمول سڑکوں کا درجہ بڑھانے اورصحت عامہ،تعلیم اور پی ڈی پی سکیموں کی موثر عمل آوری کا معاملہ اُٹھایا۔اس سے قبل ترقیاتی کمشنر نے گذشتہ مالی سال کے دوران ترقیاتی سرگرمیوں کاخلاصہ پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ دستیاب سالانہ منصوبے 65.68کروڑ میں سے اب تک 64.04کروڑ روپے مختلف ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے ہیں اور اس طرح 97.5فیصد رقومات کو بروئے کار لایا گیا ہے۔بورڈ میٹنگ کے دوران مختلف میگا پروجیکٹوں،جن میں 52کروڑ روپے کی لاگت والے ضلع ہسپتال پروجیکٹ بھی شامل ہے کی پیش رفت کابھی جائزہ لیا گیا۔بورڈ میٹنگ کے دوران عوامی سہولیات کے معاملات کے بارے میں بھی کئی اہم فیصلے لئے گئے اورپروجیکٹوں کی مقررہ وقت میں تکمیل پر زوردیا گیا۔چیرمین نے ترقیاتی کمشنر کویہ بات یقینی بنانے کی ہدایات دی کہ بس یارڈ کو فوری طور استعمال میںلایاجائے تاکہ عام لوگوں کو دشواریوں کاسامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر موصوف نے ضلع میں وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے تحت یقین دہانیوں اورفیصلوں پر عمل آوری کی پیش رفت کے بارے میںجانکاری حاصل کی۔اس سے قبل جاوید مصطفےٰ میر نے ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کی تقسیم کے لئے موبائل ایپ”سکون“ کا بھی افتتاح کیا جب کہ وزیر کے ہاتھوں ”آئین روزگار“ کی رسم رونمائی بھی انجا م دی گئی۔