گاندر بل//پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے گریٹ پورہ بونہامہ واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا ۔ یہ واٹر سپلائی سکیم 2.74 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی جا چکی ہے اور اس کی بدولت گریٹ پورہ ، ملک پورہ ، بائی پاس محلہ ، باغ زمان اور بونہامہ سمیت کئی دیہات کو پینے کا صاف پانی فراہم ہو گا ۔ رُکنِ اسمبلی گاندر بل شیخ اشفاق ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر این اے بابا ، ایس ایس پی گاندر بل فیاض احمد لون کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ بعد میں خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت ریاست کے کونے کونے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکزی اور ریاستی معاونت والی مختلف سکیمیں شدو مد سے عملائی جا رہی ہیں تا کہ ریاست خاص طور سے دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں واٹر سپلائی کو دوام بخشا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پی ایچ ای سیکٹر کو ترجیحات میں شامل کیا ہے ۔