سرینگر//گالف کھیل کے بین الاقوامی شہرت کے ماہر اور مشیر ڈیوڈ جے برنکل نے کشمیر گالف کورس کو ٹرپل اے درجے سے نوازا ہے۔ برنکل کشمیر گالف کورس کا جائزہ لینے یہاں پر 2روزہ دورے پر آئے ہوئے اور اس گالف کورس کی تعمیر و تجدید کا کام جموں و کشمیر بینک اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری یعنی سی ایس آر کے تحت کر رہا ہے۔ڈیوڈ برنکل کو خاص طور پرجے اینڈ کے بینک نے گالف کورس کے ڈیزائن اور احاطے کا جائزہ لینے کیلئے یہاں بُلایا تھا اور جائزے کے دوران انہوں نے جے کے بینک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسکی درجہ بندی AAAیعنی ٹرپل اے زُمرے میں کی ہے۔جے کے بینک چیئرمین اور سر پرست اعلیٰ پرویز احمد کے ساتھ گفتگو کے دوران برنکل نے کہا کشمیر گالف کورس کو نہایت عمدگی کے ساتھ سنبھالا گیا ہے اور وہ کافی متاثرہے کہ جس طرح پیشہ وارانہ طریقے پر اسکی تعمیر اور پانی کے نکاس کا انتظام کیا گیا ہے۔ گالف کورس کا سبزہ اور Tees کو بین الاقوامی معیار پر سنبھالا گیا ہے۔ برنکل کو بتایا گیا کہ گالف کورس کو بینک نے ریا ستی سرکار کی درخواست پر اپنے ہاتھوں میں لیا تاکہ اسکی شان رفتہ بحال ہوسکے۔واضح رہے کہ جے اینڈ کے بینک نے ریاست کے طول وعرض میں ریاستی ثقافت کے تحفظ کیلئے کئی پروجیکٹ در دست لئے ہیں اور اُنہی میں سے کشمیر گالف کورس جیسا گرانقدر پروجیکٹ بھی ایک ہے۔