یواین آئی
واشنگٹن// سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 2021 میں ‘یو ایس کیپیٹل پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں جیل میں بند لوگوں کو ‘یرغمال قرار دیتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب ہوئے تو وہ ان تمام لوگوں کو رہا کردیں گے۔خیال رہے کہ ٹرمپ کے حامیوں نے اس وقت کے صدر کی طرف سے اکسانے میں آکر اور ووٹروں کے ساتھ فراڈ کے ان کے جھوٹے دعووں سے متاثر ہو کر بائیڈن کو صدر بننے سے روکنے کے لیے 6 جنوری 2021 کو یوایس کیپیٹل پر دھاوا بول دیا تھا۔گزشتہ ہفتے جاری کیے گئے محکمہ انصاف کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس کے بعد سے 38 مہینوں میں، تقریبا 1,358 مدعا علیہان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے اور تقریبا 500 کو جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ ٹرمپ نے یہ تبصرے پیر کو اپنی ٹروتھ سوشل ویب سائٹ پر پوسٹ کیے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ دوبارہ منتخب ہونے پر وہ سب سے پہلا کام یہ کریں گے کہ حملے کے ملزمان کو رہا کیا جائے اور میکسیکو کے ساتھ سرحد بند کی جائے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹرمپ نے اپنے قیدی حامیوں کو ‘یرغمال کہا ہو یا انہیں رہا کرنے کا مشورہ دیا ہو۔ انہوں نے بائیڈن سے درخواست کی تھی کہ وہ جنوری میں آئیووا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ‘جے 6 یرغمالیوں کو رہا کردیں۔قابل ذکر ہے کہ یہ تقریبا یقینی ہے کہ ٹرمپ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بنیں گے، کیونکہ ان کی آخری حریف نکی ہیلی پرائمری میں زبردست شکست کے بعد اس دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں۔