محمد تسکین
بانہال// سرینگر جموں شاہراہ پر کیلا موڑ رام بن کے نزدیک پیش آئے المناک حادثے میں4 افراد لقمہ اجل جبکہ 11زخمی ہو گئے ۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن کے کیلا موڑ علاقے میں شام دیر گئے تقریباً ساڑھے 8بجے سرینگر سے جموں جارہا ایک ٹمپو ٹرولرزیر نمبر JK02AP/5338 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور گہری کھائی میں جا گرا۔پولیس کے مطابق ٹیمپو ٹریولر سرینگر سے جموں کی طرف جا رہا تھا، اور رام بن کے کیلا موڑ مقام پر شاہراہ سے لڑھک گیا۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی رام بن سے 5کلو میٹر دور کیلا موڑ پر پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور کیو آر ٹی رام بن کے رضاکار یہاں پہنچ گئے اور انہوں نے بچائو کارروائی شروع کی۔پولیس کے مطابق بہت کوششوں کے بعد زخمیوں کو کھائی سے نکال کر اوپر سڑک پر لایا گیا اور انہیں رام بن ضلع اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ان میں سے 4موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ 11دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کے بارے میںڈپٹی کمشنر نے بھی ایک ٹویٹ کر کے بتایا کہ ممکنہ طور پر 4افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ایس ایس پی رام بن موہتا شرمانے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زخمیوں میں25سالہ عابد ولد غلام محمد وانی ساکن کپوارہ،21سالہ محمد زبیر ولد محمد شبیر ساکن نوشہرہ راجوری،25سالہ محمد لطیف ولد محمد یوسف ساکن کھڈ ادہم پور،40سالہ راجیش کمار ولد ہریم داس ساکن گروٹھ جموں،محمد گلزار ولد محمد شفیع ساکن بٹھنڈی جموں، 22سالہ یاسر احمد ولدمحمد عبداللہ ساکن سیری بارہمولہ،24سالہ زاہد فاروق ولد فاروق احمد ساکن پٹن بارہمولہ، 23سالہ منظور احمد ولد عبدالمجید ساکن سوپور ، 24سالہ ظہور احمد ولد محمد مقبول ساکن لولاب کپوارہ اور24سالہ دین محمد ولد گڈالی ساکن اتر پردیش شامل ہیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ مذکورہ گاڑی میں 15افراد سوار تھے جن میں سے 11زخمی اور 4کی ہلاکت ہوئی۔ تاہم پولیس نے مہلوکین کی شناخت نہیں کی۔