کیرن میں حد متارکہ پر فائرنگ،فوجی ہلاک ،3 زخمی

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
کپوارہ// شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں بدھ کی صبح بھارت اور پاکستانی افواج کے مابین ہوئی فائرنگ کی زد میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 3 دیگر زخمی ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے بدھ کی صبح پاکستانی فوجی جوانوں نے کیرن سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک پمپلی پوسٹ پر تعینات9 / 5گورکھا ریجمنٹ کی گشتی پارٹی پر سنیپر رائفل سے فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ دفاعی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی صبح کنٹرول لائن کے کیرن سیکٹر میںپاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی کا ایک واقعہ پیش آیا۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بغیر کسی جواز یا اشتعال کے اچانک سنیپر رائفلوں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ شروع کی جس کا اِس پار سے بھی بھرپور انداز میں جواب دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں راجیش کہاتری نامی فوجی اہلکار زخموں کی تاب نا لاکر دم توڑ بیٹھے۔بتایا جاتا ہے کہ گولہ باری کے نتیجے میں کیرن میں رہائش پذیر لوگوں میں ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔کیرن سیکٹر میں امسال چوتھی بار فائر بندی کی خلاف ورزی کی گئی اور متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں جموں کے مختلف سرحدی سیکٹروں میں شدید نوعیت کی گولی باری میں سرحد کے دونوں طرف جانی اور مالی نقصان ہوا۔کیرن سیکٹر کا واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب جموں کے سرحدی علاقوں میں خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *