کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ اور مڑہامہ کے بعد حد متارکہ پر واقع کیرن سیکٹر میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار اور ایک جنگجو ہلاک جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے ۔ادھر زرہامہ کپوارہ میں فرار ہوئے 3جنگجوئوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے کپوارہ کے نصف درجن علاقوں کا محاصرہ کر کے وہا ں پر بڑے پیمانے پرتلاشی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔دفاعی ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی دو پہر حد متارکہ پر واقع کیرن سیکٹر میں چنکن پوسٹ پر تعینات 9سکھ لائی رجمنٹ سے وابستہ فوجی اہلکارو ں نے جنگجوئو ں کی نقل و حمل دیکھی جس کے بعد فوج نے انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی جو جنگجوئو ں نے ٹھکرا دی اور فوج پر جدید ہتھیارو ں سے گولیا ں چلائیں ۔ فوج نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے دوران ابتدائی طور پر3اہلکارشدید طور پرزخمی ہوئے ۔انہیں فوری طورپر فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے درگمولہ میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیالیکن اس سے قبل ہی سپاہی سندیپ سنگھ زخمو ں کی تاب نالاکر دم تو ڑ بیٹھا ۔جھڑپ میں ایک جنگجو جا ں ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔کیرن میں جاری جھڑپ کے بعد فوج کی مزید کمک علاقے میں روانہ کی گئی اور وسیع علاقہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی ۔فوج کو خدشہ ہے اس علاقہ میں 2سے3مزید جنگجو چھپے بیٹھے ہیں ۔اس دوران ضلع کے زرہامہ مڑہامہ علاقہ میںفرار ہونے والے جنگجوئو ں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے ۔منگل کو ماگام ہندوارہ میں3جنگجو جا ں بحق ہو گئے جس کے بعد منگل کو ہی ترہگام سے 5کلو میٹر دور مڑہامہ زرہامہ علاقہ کے ہاپتھ نار جنگلی علاقہ کو فوج نے گھیرے میں لیا اور وہا ں پر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ تاہم یہاں موجود جنگجوئو ں نے فوج پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے باعث 19راج رائفلز کا حوالدر جتندر سنگھ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دودیگر اہلکار بلونت سنگھ اور ستیا ون سنگھ زخمی ہوئے ۔ جنگجو گھنے جنگلات کی آ ڑ لیکر فرار ہونے میں کا میاب ہوگئے ۔فوج نے علاقہ میں بھاری نفری روانہ کی اور وہا ں چھپے بیٹھے جنگجوئو ں کی تلاش جاری رکھی ہے ۔فوج نے منگل اور بدھ کی شب بھر جنگلوں پر شدید گولہ باری کی جس کی وجہ سے آ س پاس علاقوں زرہامہ ،ڈاری بل ،لدر ناگ ،گزریال اور وارسن کے علاقہ لرز اٹھے جبکہ دوران شب ہی فوج کے روشن گولے گزریال میں کئی مکانات پر گر پڑے جس کے دوران مکانو ں کے چھتو ں کو جزوی نقصان پہنچ ۔اس دوران کرالہ گنڈ ہندوارہ کے نصف درجن علاقوں اننون ،حاجن ،گنڈ کمال ،ڈوگر ،رت کھنڈی ،گنڈ چوبوترا کا دو روز سے کریک ڈائو ن جاری ہے جس کے دوران فوج اور پولیس نے گھر گھر تلاشی کارروائیا ں کی ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ فوج نے منگل کی شام اننون کے ایک ٹریکٹر ڈرائیور شہزاد احمد لون ولد غلام محمد لون کو گرفتار کیا جس کاا بھی تک کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔ مزکورہ علاقوں میں دو روز سے جاری فوجی کارروائی سے علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول ہے ۔