اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے حد متارکہ پر اس وقت سکوت ٹوٹ گیا جب کیرن سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے در اندازی کی ایک کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔فورسز کا کہنا ہے کہ مسلح تصادم آرائی میں 2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ اتوار کو کیرن سیکٹر کے حد متارکہ پر ملی ٹینٹوں نے در اندازی کی ایک کوشش کی۔ ترجمان نے کہا کہ کیرن سیکٹر میں تعینات فوجی اہلکارو ں نے جب در اندازوں کی نقل وحمل دیکھی تو وہ فوراً حرکت میں آگئے ۔سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میںلیا اور اندر آنے والے دراندازوںکو للکارا تاہم ملی ٹینٹوں نے فوج پر فائر نگ کی جس کے جواب میں فوج نے بھی گولیا ں چلائیں ۔اسکے بعد طرفین کے مابین کافی دیر تک گولیوں کا تبادلہ کیا گیاجس میں 2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا ۔علاقہ میں فوج کی مزید نفری طلب کی گئی اور ایک وسیع علاقہ میں تلاشی کارروائی شروع کی ۔سرحدی حفا ظتی فورس کے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر اشوک یادونے خبردار کیا ہے کہ کپواڑہ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ میں لانچنگ پیڈ عسکریت پسندوں کی میزبانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے دو ماہ ایل او سی کے ساتھ حساس رہیں گے جب تک کہ برف باری پہاڑوں کے گزرنے کو روک نہیں دیتی۔بی ایس ایف افسر نے یہ بھی کہا کہ اس سال دراندازی کی دو کوششوں کو پہلے ہی ناکام بنایا جا چکا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ فورسز کسی بھی کوشش سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔