سرینگر//ریاست کے گورنر این این ووہرا نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پِنارائی وجیاین کے ساتھ بات کی اور وہاں حال ہی میں آئے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہوئے جانی اور مالی نقصان پر جموں وکشمیر کے عوام اور حکومت کی طرف سے دُکھ اور ہمدردی کا اِظہار کیا۔ گورنر نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ کیرالہ میں جاری ریلیف کاموں کے لئے جموں و کشمیر کی حکومت 2کروڑ روپے کی مالی معاونت کرے گی۔گورنر این این ووہرا اور ریاستی انتظامی کونسل نے کیرالہ میں تباہ کن سیلاب سے ہوئے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ لاکھوں کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کیا۔گورنر نے اعلان کیا کہ جلد ہی ایک ایسا انتظام کیا جائے گا جس کے ذریعے سے جموں وکشمیر کی عوام کیرالہ فلڈ ریلیف فنڈ میں اپنا عطیہ دے سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے باقی تفصیلات اور جانکاری کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔