بانہال // مختلف سرکاری محکموں میں کیجول لیبر ، ڈیلی ویجر اور کام کرنے والے دیگر عارضی ملازمین کا بایومیٹرک ڈاٹا یا حیاتی کوائف اور تفصیلات نیشنل انفارمیشن سینٹر کی ویب سائٹ پر داخل کرنے کیلئے 15 جولائی کو آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ضلع رام بن کے درجنوں ڈیلی عارضی ملازموں کی یہ تفصیلات انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور متعلقہ محکمہ کی ویب سائٹ کے نہ کھلنے کی وجہ سے اپ لوڈ کرنا ممکن نہیں ہو سکا ہے جس کی وجہ سے اپنی تفصیلات درج کرنے میں مختلف حکموں کے درجنوں عارضی ملازمین سخت پریشان اور مایوس ہیں۔ محکمہ جنگلات ، محکمہ تعمیرات عامہ ، محکمہ صحت سمیت مختلف محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی روز سے ان کے محکمے ان کا ڈاٹا لیکر ٹریجری دفتروں ، ڈی سی آفس اور خدمت سینٹروں کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن NIC کی ویب سائٹ کھلنے کا نام نہیں لے رہی ہے جس کی وجہ سے ضلع رام بن کے ایک سو سے زائد غیر مستقل ملازموں کا مستقبل مخدوش دکھائی دے رہا ہے کیونکہ متعلقہ سرکار محکموں کی طرف سے اپنے عارضی ملازمین کا ڈاٹا اپ لوڈ کرنا انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے باقی حصوں کی طرح ضلع رام بن میں بھی انٹرنیٹ کی خدمات پچھلے دنوں چار پانچ روز تک معطل رکھی گئی تھی اور بعد میں اس ریکارڈ کو اپ لوڈ کرنے کی کوششیں
نیشنل انفارمیشن سینٹر کی ویب سائٹ نہ کھلنے کی وجہ ناکام ثابت ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عارضی ملازمین سخت پریشان اور مایوس ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کو اس انفارمیشن کو اپ لوڈ کرنے کی آخری تاریخ تھی لیکن ایک سو سے زائد مختلف محکموں میں اپنی خدمات انجام دینے والے عارضی ملازمین کا بایو میٹرک ڈاٹا ڈی سی آفس اور این آئی سی رام بن سے اپ لوڈ نہیں کیا جا سکا اور درجنوں ملازمین رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن کے ایک محکمے کے پچیس عارضی ملازمین کا ڈاٹا اپ لوڈ کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر دفتر رام بن بھیجا گیا تھا لیکن انٹرنیٹ کی سست رفتاری اور این آئی سی کی ویب سائٹ نہ کھلنے کی وجہ سے پچیس میں سے صرف ایک ہی عارضی ملازم کی تفصیلات کو دن بھر کی محنت کے بعد سائٹ پر داخل کیا جا سکا ہے۔ ضلع رام بن کے بانہال ، کھڑی ، اکڑال ، پوگل پرستان ، رام بن ، گول سنگلدان ، راجگڑھ اور بٹوٹ کے مختلف محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں نے سرکار اور محکمہ انفارمیشن اینڈ ٹیکنا لوجی کے ریاستی وزیر عمران انصاری سے اپیل کی ہے کہ وہ آن لائین انفارمیشن جمع کرنے کی تاریخ میں کم از کم ایک مہینے کی مدت کا اضافہ کریں اور اس کیلئے ویب سائٹ کے علاوہ دیگر طریقوں سے عارضی ملازمین کی انفارمیشن جمع کرنے کے مزید ذرائع وضع کئے جائیں تاکہ کار سرکار انجام دینے والے عارضی ملازمین کو مزید مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ نے جب محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انڈر سیکریٹری آفیسر راکیش کمار سے پوچھا تو انہوں نے کہا پندرہ جولائی کو اپنی تفصیلات متعلقہ محکموں کے ذریعے آن لائین اپ لوڈ کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے اور یہ سلسلہ ہفتے کی رات بارہ بجے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے آخری تاریخ کو بڑھانے کا فیصلہ دہلی سے ہی کیا جا سکتا ہے اور اس میں ریاست میں سروس پروایڈر یعنی نیشنل انفارمیشن سینٹر کا کوئی رول نہیں ہے۔