نئی دہلی/غازی آباد، 14 اکتوبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلی اروند کیجریوال کی نیلے رنگ کی مسروقہ فیوریٹ ویگن آر آج صبح غازی آباد سے برآمد کرلی گئی۔ دہلی سے یہ کار جمعرات کو چوری ہوگئی تھی۔ مسٹر کیجریوال کے ''عام آدمی'' کی شبیہ بن کر ابھرنے والی یہ کار جسے وزیر اعلی بننے سے پہلے وہ بکثرت استعمال کرتے تھے ضلع غازی آباد کے موہن نگر علاقے میں پائی گئی۔ اس کار کو دہلی سکریٹریٹ کے سامنے سے چرایا گیا تھا ۔ دہلی پولیس کو اس چوری کی سی سی ٹی وی تصاویر مل گئیں جن میں کہا جاتا ہے کہ ملزم یعنی مبینہ چور ی کرنے والے کو دیکھا جاسکتا ہے ۔غازی آباد کے پولیس سربراہ آکاش تومڑ نے بتایا کہ صاحب آباد تھانہ کو کل رات یہ اطلا ع ملی کہ موہن نگر علاقے میں نیلے رنگ کی کوئی کار موجود ہے ۔ اس اطلا ع پر پولیس وہاں پہنچی اور DL9C/G9769 نمبر کی کار اپنی تحویل میں لے لی۔مسٹر تومڑ نے بتایا کہ کاریں چرانے والے اس کار کو کسی اور شہر لے جانا چاہتے تھے لیکن ذرائع ابلاغ میں اس کی بے تحاشہ تشہیر کی وجہ سے وہ گھبرا گئے اور کار چھوڑ کر چلے گئے ۔ بہر حال تحقیقات جاری ہے ۔ یو این آئی