محمد تسکین
بانہال // سردی کے باوجود حلقہ انتخاب بانہال کے مختلف علاقوں میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے اور مختلف سیاسی پارٹیاں لوگوں کو اپنے قریب لانے کی کوشیشوں میں مصروف ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے کھڑی کے علاقے میں وکشت بھارت سنکلپ یاترا کی جانکاری کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ضلع سیکریٹری بھارتیہ جنتا پارٹی محمد سلیم بٹ نے کی۔ اس موقع پر کئی سیاسی جماعتوں سے وابستہ کارکنوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور سنیئر لیڈر محمد سلیم بٹ اور پارٹی کارکن نظیر احمد نے ان کا بی جے پی میں والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر ضلع جنرل سیکریٹری محمد سلیم بٹ نے اہنے خطاب میں وکشت بھارت سنکلپ یاترا پر تفصیلی روشنی ڈالی اور گوں سے اپیل کی کہ وہ بانہال، گول حلقہ انتخاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی طرف سے چلائی جا رہی سکیموں سے جڑ جائیں تاکہ اس علاقے کی پسماندگی کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں غریب پرور اور عوام دوست سکیموں نے یہاں کے غریب اور عام لوگوں کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی مودی سرکار کی سکیموں کو گھر گھر پہنچانے اور لوگوں کو ان سکیموں کا فائدہ دلانے کیلئے کام کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوشیشوں اور عوامی شراکت سے بھارت ورش کو سنہ 2047 عیسوی تک ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا تعاون دینا ہے۔ محمد سلیم بٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوئے افراد سے اپیل کی کہ وہ نریندر مودی کی حکومت کی عوام دوست سکیموں کو گھر گھر پہنچانے میں اپنا فرض ادا کریں اور عام لوگوں کو ان سکیموں سے جوڑ دیں تاکہ ہر مستحق فرد بشر ان سرکاری سکیموں سے فائیدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی جماعتوں نے یہاں حاصل کئے گئے اقتدار کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ہے اور عام لوگ ملک کی آزادی کے 75 سال بعد بھی طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔