عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے حال ہی میں تعمیر شدہ ہائی وے کے کھلینی سے گوا (مارمت) کا تفصیلی معائینہ کرنے کیلئے علاقہ کا دورہ کیا ۔دورے کا بنیادی مقصد سڑک کے بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال اور معیار کا جائزہ لینا تھا۔معائنہ کرنے والی ٹیم میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو (اے سی آر)، سنجیو کمار، نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈی سی ایل) کے منیجر، تحصیلدار اور دیگر ریونیو افسران سمیت اہم افسران شامل تھے۔انہوں نے سڑک کی حالت کا بغور جائزہ لیا۔معائنہ کے دوران ڈی سی نے مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لئے نئی تعمیر شدہ ہائی وے کے اسٹریچ کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے این ایچ آئی ڈی سی ایل منیجراور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ دیکھ بھال کے کسی بھی شناخت شدہ مسائل کو فوری طور پر حل کریں۔ مزید برآں، ریونیو حکام کو زمین کے حصول کے معاملات کو حل کرنے میں مدد کرنے کا کام سونپا گیا ۔اس دورے نے نہ صرف ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کے معیاری انفراسٹرکچر کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مسائل کو فوری حل کرنے کے لئے اپنی لگن کا بھی اظہار کیا۔