عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے کھبلاں علاقے میں جنگلی خنزیروںکے اچانک حملے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی۔ اس افسوسناک واقعے میں محمد مظہر)30( اور ان کی اہلیہ افسانہ کوثر(25) سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ اس قدر اچانک تھا کہ لوگوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال تھنہ منڈی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ طبی عملہ نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی البتہ اب وہ خطرے سے باہر ہے۔ واقعے کی خبر ملتے ہی علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی آبادی پہلے ہی جنگلی سوروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے خوفزدہ تھی، جبکہ اس تازہ حملے نے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سماجی کارکن سید منظر علی شاہ نے اس صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی سور نہ صرف فصلوں کو تباہ کر رہے ہیں بلکہ اب گھریلو آبادیوں، قصبوں اور دیہات کی طرف بھی آنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں انسانی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں، جبکہ پورے علاقے میں عدم تحفظ اور خوف کا ماحول پیدا ہو چکا ہے۔ سید منظر علی شاہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جنگلی جانوروں کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کئے جائیں، تاکہ لوگوں کی جان و مال کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جنگلی جانوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کی آبادیوں کی جانب نقل مکانی ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس کے حل کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔