کپواڑہ/ /دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کہا ہے کہ حکومت کپواڑہ ضلع کو ریلوے کے ساتھ جوڑنے کے منصوبے کی سنجیدگی سے پیروی کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کپواڑہ سڑک کو قومی شاہراہ کادرجہ دینے اور اس سے چار گلیاروں والی سڑک بنانے کی بھی پیر وی کی جارہی ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار چندی گام اور دیور کپواڑہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرموصوف ان دنوں کپواڑہ ضلع میں عوامی درباروں کا انعقاد کر کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کررہے ہیں۔عبدالحق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ریلوے لائن کو کپواڑہ تک بڑھانے میں ذاتی دلچسپی لے رہی ہیں اور یہ معاملہ انہوں نے ریلوے کی مرکزی وزارت کے ساتھ بھی اُٹھایا ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ کپواڑہ سڑک کی کشادگی کرنے اور اس کو چار گلیاروں والے بنانے کے لئے بھی کوششیں جاری ہے اور اس کی ا ہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے قومی شاہراہ کا درجہ دلانے کی طرف بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کی بدولت ضلع کے سماجی و اقتصادی منظر نامے میں مثبت تبدیلی رونما ہو گئی ۔انہوںنے کہاکہ ضلع کے کئی مقامات کو سیاحتی نقشے پرلایا جارہا ہے جسے ضلع میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی دوام حاصل ہوگا۔ وزیر نے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے 100پلوں، سڑکوں اور کلورٹوں کا افتتاح کیا ہے جس سے دیہی اور دور دراز علاقوں کے لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔