کپواڑہ//ضلع ترقیاتی بورڈ نے ضلع کپواڑہ کے موجودہ مالی سال کے لئے سالانہ منصوبہ 213.57 کروڑ روپے منظور کئے ۔اس میں باقاعدہ سکیموں کے لئے 1309.71لاکھ روپے ، قرضوں کے لئے 2254.29لاکھ روپے ، مرکزی حصے کے طور پر 16394.89لاکھ روپے اور ریاستی حصے کے طور 1348.68 لاکھ روپے شامل ہے۔میٹنگ سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ بورڈ میٹنگ میں پچھلے بورڈ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں پر ایکشن ٹیکن رِپورٹ اور2017-18کے ضلع منصوبے کے سیکٹورل طبعی اور مالی حصولیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا میر فیاض ، مختلف سٹیٹ بورڈ وں کے وائس چیئرمین ، ایم ایل اے کپواڑہ ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار، ایم ایل اے کرناہ ایڈوکیٹ راجا منظور ، ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر عبدالرشید، قانون ساز کونسل کے ارکان جاوید مرچال ، قیصر جمشید لون کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی نے ضلع کپواڑہ کو جدید خطوط پر از سر نو تعمیر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کو اقتصادی طور بااختیار بنانے اور ماحولیات کا تحفظ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ضلع کو بااختیار کو بنانے اورلوگوں کی حالت بہتر بنانے کے بارے میں متعلقہ ارکان قانون سازیہ نے کئی مطالبات پیش کئے جن میں طبی و تعلیمی سہولیات ، کپواڑہ کے لئے زنانہ ہسپتال ، بنگس وادی کو خاص سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے ،مرکزی وریاستی معاونت والی سکیموں کی باقاعدہ عمل آوری ، کپواڑہ کے ساتھ لگنے والے دریا کے کناروں کو دیدہ ذیب بنانے اور وزیر اعلیٰ کے وعدوں پر عمل کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام منصوبوں کی منظوری حاصل کرنے سے قبل متعلقہ ارکان قانون سازیہ کو اعتماد میں لیا کریںاور وزیر اعلیٰ کے وعدوں کو ترجیحات میں شامل کریں۔ انہوںنے افسروں کو مزید ہدایت دی کہ بورڈ میں لئے گئے فیصلوںپر من و عن عمل درآمد ہونا چاہیئے تاکہ زمینی سطح پر لوگوں کو ترقیاتی و تعمیراتی پروجیکٹوں کے فوائد سے مستفید کیا جاسکے۔پچھلے سال کے ضلع منصوبے کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے ذوالفقار علی نے ضلع انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کی اُن کوششوں کو سراہا جو انہوں نے رقومات کے تصرف میں انجام دئیے تھے۔دریں اثنا وزیر نے نئے تعمیر شدہ ڈی سی آفس چیمبر اور سب ہیلتھ سینٹر عمارتوں کا افتتاح کیا۔