کپوارہ//اشرف چراغ //کپوارہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بھاری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے جبکہ دورافتادہ علاقوں کو جانے والی سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہوجانے کی وجہ سے ان علاقوں کے درماندہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بھاری برف باری کی وجہ سے بالائی علاقوں میں بجلی کے ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ضلع کے بیشتر بالائی علاقوں میں بجلی گُل ہوگئی ہے۔جمعرات کی شام سے پورے ضلع میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو رات بھر جاری رہا ۔ضلع کے بالائی علاقوں میں 7سے 8انچ برف جمع ہونے کی اطلاع مو صول ہوئی ہے اور ان علاقوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند ہو گئی ہیں ۔ضلع کے نستہ ژھن گلی (سادھنا ) پر اڑھائی فٹ،فرکیاں گلی پر 3فٹ اور مژھل کی زیڈ گلی پر ڈیڑھ فٹ برف جمع ہوئی ہے ۔بتا یا جاتا ہے کہ اندرون مژھل میں 8انچ برف جمع ہوئی ہے ۔برف باری کی وجہ سے جہا ں بالائی علا قوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں وہیں کرناہ ،کیرن اور مژھل کی سڑکیں گزشتہ دو روز سے گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند پڑی ہیں جس کے باعث ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے درماندہ مسافرو ں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔بھاری برف باری کی وجہ سے بجلی کے شعبہ کو بھی کا فی نقصان پہنچ چکا ہے اور ضلع کے اکثر و بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے ۔ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلع کے اکثر رابطہ سڑکو ں سے برف ہٹانے کاکام جاری ہے او شام دیر گئے تمام رابطہ سڑکو ں کو بحال کیا جائے گا ۔