کپوارہ // کپوارہ کے 6سالہ بچے عمر فاروق کے قتل کیس کو ریاستی پولیس کے کرائم برانچ کے سپرد کردیا گیا ہے۔ذرائع سے کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی سفارش پر ریاستی سرکار نے عمر فاروق کے قتل معاملے کی تحقیقات کرائم برانچ کے حوالے کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کرائم برانچ نے فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کرنے کیلئے ڈی ایس پی محمد افضل کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جس نے پولیس سے کیس ڈائری حاصل کر کے اسکی جانچ شروع کردی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کپوارہ پولیس قتل کے اس سنسنی خیز معاملے کو بے نقاب کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد کرائم برانچ کو کیس کی تحقیقات سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ 6سالہ عمر فاروق ساکن گلگام کپوارہ کو اپنے گھر سے باہر 16جولائی کو اغوا کیا گیا تھا اور 3روز بعد اسکی مسخ شدہ لاش گوشی کپوارہ میں ایک نالے کے نزدیک بر آمد کی گئی تھی۔عمر فاروق کو تیزاب سے جلایا گیا تھا اور اسکا ایک بازو بھی کٹا ہوا تھا۔