کپوارہ // ڈاکٹر منان وانی اور عاشق حسین کے جاں بحق ہونے پرکپوارہ میں تیسرے روز بھی ہڑتال رہی۔مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئی جبکہ لولاب کے مختلف علاقوں میں فورسز کی جانب سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ جاں بحق جنگجوئوں کی یاد میںپورے کپوارہ ضلع میں ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا ۔سوگام ،لالپورہ ، واورہ ، لنگیٹ ،کرالہ گنڈ ،کلنگام، چوگل ، ترہگام اور کرالہ پورہ علاقوںمیں احتجاجی ہڑتال رہی۔ پورے ضلع میں انٹرنیٹ سروس تیسرے دن بھی معطل رہی۔ جبکہ کرناہ کیرن اور مژھل کو چھوڑ کر ضلع میں چھوڑے بڑے تمام سکول بند رہے۔ منان وانی کے آبائی گائوں ٹکی پورہ میں ہفتے کو لوگوں کی بڑی تعداد نے ان کے گھر جاکر تعزیت کی۔ ٹکی پورہ کے لوگوں کا کہنا ہے جمعہ دوران شب فورسز اہلکاروں نے بستی میں داخل ہوکر نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کیا جس کے بعد لوگ گھروں سے باہر آئے اور فورسز کی اس کوشش کو ناکام بنایا تاہم پولیس دو نوجوانوں کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ سوگام، بڑی بیرہ اورژیر کوٹ علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں دن بھر فورسز نے کئی افراد کو حراست میں لینے کی کوشش کی۔