کپوارہ//مسلسل موسلا دھار بارشو ں کی وجہ سے کپوارہ کے ندی نالو ں کے پانی میں اضافہ ہو ا ہے جبکہ چند ایک نالوں میں طغیانی آنے کے نتیجے میں لکڑی کے بنائے گئے عارضی پل بہہ جانے سے متعدد دیہاتو ں کا رابطہ منقطع ہواہے ۔جمعہ کی صبح سے ہی سر حدی ضلع کپوارہ میں موسلا دھار بارشو ں کی وجہ سے ندی نالو ں کے پانی میں اضافہ ہو گیا تاہم نالہ ٹالری میںطغیانی آنے کی وجہ سے راجواڑ ہندوارہ کے 3دیہاتو ں کو ملانے والا لکڑی کاواحد عارضی پل سیلاب کی نذر ہو گیا جس کی وجہ سے باکی آکر ،دودھی پورہ اور دوھی پورہ چک کا رابطہ ہندوارہ اور دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ۔لوگو ں نے الزام عائدکیاکہ نالہ ٹالری پر باکی آکر کے مقام پر محکمہ تعمیرات عامہ نے کئی سال قبل ایک پل کا کام ہاتھ میں لیا تاہم ابھی تک اس پل کو مکمل نہیں کیا گیا اور لوگو ں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات پیش آتے ہیں ۔لوگو ں نے پل کی تعمیر مکمل نہ کرنے پر ایک ہفتہ قبل احتجاج بھی کیا ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ پل کی عدم دستیابی کے نتیجے میں ان دیہات سے تعلق رکھنے والی آ بادی کو عبور و مرور میں سخت دشواریو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور باکی آکر کے مقام پر زیر تعمیر پل کے کام میں سرعت لانے کے لئے متعلقہ محکمہ پر دباﺅ ڈال دیں تاکہ علاقہ کے لوگو ں کے مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔