اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں ای این ٹی ڈاکٹر وں کی عدم تعیناتی کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مریضوں کو نجی کلنکو ں کا راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے ۔ضلع میں 7سب ضلع ہسپتال موجود ہیں جن میں سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار ،کرالہ پورہ ،ویلگام ،کپوارہ ،سوگام ،لنگیٹ اور زچلڈارہ شامل ہیں ، جن میںکسی بھی ہسپتال میں ای این ٹی ڈاکٹر تعینات نہیں ہے ۔ضلع کے ان 7بڑے ہسپتالو ں کو جب سب ضلع ہسپتالوں کا درجہ دیا گیا تو ای این ٹی ڈاکٹر کی پو سٹ کو منظوری نہیں دی گئی اور ان ہسپتالو ں میں ای این ٹی ڈاکٹر کی کوئی اسامی ہی نہیں ہے ۔ضلع صدر مقام کپوارہ کے سب ضلع ہسپتال میں ای این ٹی ڈاکٹر کی تعیناتی وقت کی ضرورت ہے لیکن سب ضلع ہسپتال کا درجہ ملنے کے کئی سال بعد بھی اس ہسپتال میں ای این ٹی ڈاکٹر کو تعینات نہیں کیا گیا ۔سب ضلع ہسپتال لنگیٹ میں اگرچہ ای این ٹی ڈاکٹر تعینات ہے ۔
کپوارہ ایک سرحدی ضلع ہے جہا ں بہت سے دیہات دور دراز علاقوں میں واقع ہیں ۔خراب موسم اور سڑکو ں کی بندش کے دوران مریض اگرچہ ضلع کے مرکزی ہسپتالو ں تک پہنچ پاتے ہیں لیکن ای این ٹی ڈاکٹر وں کی عدم دستیابی کی وجہ سے انہیں شہر یا نجی کلنکوںکا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ایک مقامی شہری تسلیم احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کپوارہ ضلع میں بنیادی طبی نظام کو بہتر بنانے اور سب ضلع اسپتالو ں میں علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومتی سطح پر بہتری لانے کی کوششیں جاری ہیں لیکن زمینی حقائق کے مطابق ابھی بھی یہا ں کے ہسپتالو ں میں بیشترشعبوں کے ڈاکٹروں کی کمی ہے ۔ مقامی لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ضلع میں ای این ٹی ڈاکٹرو ں کی تعینانی عمل میں لائی جائے تاکہ کان ،ناک اور گلے کے امراض میںمبتلا مریضوں کو نجی کلنکوں یا دیگر علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے ۔