اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے زانگلی علاقہ میں قائم 28انفینٹری بریگیڈ میں قائم ایک شاپنگ کمپلیکس میں آتشزدگی کے ایک واقعہ میں 8دکانیں خاکستر ہوئیں جبکہ 6 فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ 3اور4فروری کی درمیانی رات فوجی کیمپ زانگلی میں قائم ایک شاپنگ کمپلیکس میں آگ نمو دار ہوئی جس نے دیگر دکانو ں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ فائر اینڈ ایمر جنسی عملہ جائے واردات پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کاکام شروع کیا لیکن تب تک 8دکانیں خاکستر ہوئی تھیں ۔بتایا جاتا ہے کہ آگ بجھانے کے دوران 6 فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے جن کو اسپتال میں علاج و معالجہ کے بعد رخصت کیا گیا ۔فائر سروس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس واقعہ میں قریب 1کرو ڑ کا نقصان ہوا ہے جسمیں 57لاکھ 90ہزار کی املاک کو بچایا گیا ۔آگ لگنے کی وجہ فوری طور معلوم نہ ہوسکی تاہم تحقیقات شروع کی گئی ۔