سمیت بھارگو
جموں//جموں و کشمیر میں کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر علاقے میں بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع سیدا سوہل گائوں میں سیکورٹی فورسز اورملی ٹینٹوں کے درمیان جاری مسلح تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ ایک شہری بٹو کمار زخمی بھی ہوا جسے جموں میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ کچھ شہریوں کی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے لیکن پولیس کی جانب سے اسکی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پونے 8بجے کے قریب گائوں میں بہت زیادہ کتے بھونکنے لگے اور نمبرداریہ دیکھنے کیلئے گھر سے باہر آیا۔بتایا جاتا ہے کہ اس دوران یہاں کچھ ملی ٹینٹوں نے نمبردار کو گولی ماردی۔ فائرنگ کی آواز کیساتھ ہی پولیس یہاں پہنچی۔بتایا جاتا ہے کہ گائوں میں مزید تین شہریوں کی لاشیں بر آمد کی گئی ہیں،جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔تاہم پولیس نے اسکی تصدیق نہیں کی ہے۔ اے ڈی جی پی جموں نے کہا کہ ایک ملی ٹینٹ مارا گیا ہے اور آپریشن جاری ہے۔رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ دو مزید ملی ٹینٹوںکے علاقے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔اس سے قبل علاقے میں گولیوں کی آوازیں سننے کے بعد سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کیا ۔اس دوران مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وہ انتظامیہ اور سیکورٹی ونگ کے عہدیداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے Xپر کہا’’میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ہیرا نگر سیکٹر کے گائوں سیدا میں ایک گھر پر ملی ٹینٹ حملے کے تناظر میں ڈی سی کٹھوعہ ایس راکیش منہاس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، میں ایس ایس پی کٹھوعہ ایس ایچ عنایت علی چودھری سے بھی رابطے میں ہوں جو موقع پر موجود ہیں‘‘۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزیدکہا کہ مالک مکان( نام مخفی)جس پر حملہ کیا گیا تھا، بھی فون پر رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے مشترکہ آپریشن جاری ہے، ایک ملی ٹینٹ مار گیا ہے۔