سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور ورلڈ پیس کونسل کے ہندستان میں چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ دو دن قبل اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوئترس کو ہندستان کے داخلی معاملات پر کوئی بیان دینے سے قبل اقوام متحدہ میں ہندستانی نمائندہ سے اس کی تصدیق کرنی چاہئے تھی۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے جموں وکشمیر کے کٹھوعہ میں ایک نابالغ لڑکی کے قتل اور عصمت دری کے تعلق سے دو دن قبل بیان دیا تھا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ تمام مقامی آرگنائزیشن، سول ایسوسی ایشن اور قانون سے متعلقہ آگنائزیشن قصورواروں کو بلاتاخیر سزا دلانے کے لئے کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا ہندستانی نمائندے سے تصدیق کئے بغیر دو دن قبل فوری طورپر دیاگیا ردعمل سوال کھڑا کرتا ہے۔پنتھرس سربراہ نے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ اس معاملہ کو انکوائری کمیشن کو سونپ دے خواہ و ہ سی بی آئی ہو یا دیگر مرکزی ایجنسی جس سے اصل قصورواروں کو پکڑا جاسکے۔انہوں نے برطانوی رکن پارلیمنٹ کے اسی معاملہ کو اٹھانے پر بھی سوال کھڑا کیا جنہوں نے اس بات کو نظرانداز کردیاکہ حکومت ہندمتاثرہ بچی کے کنبہ کو انصاف دلانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی تفتیش مرکزی جانچ ایجنسی سی بی آئی سے کرائی جانی اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ اس معاملہ میں حکومت ہند کو اقوام متحدہ کو جواب دینا ہے نہ کہ ریاستی حکومت کو۔